زراعت پاکستان کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے، جو نہ صرف 42 فیصد سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے بلکہ ملکی جی ڈی پی کا تقریباً 24 فیصد ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ ٹیکسٹائل جیسی صنعتوں کو خام مال بھی مہیا کرتا ہے۔ کپاس، چاول اور پھلوں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاتا ہے۔تاہم جدید ٹیکنالوجی کے باوجود دنیا بھر میں تقریباً 90 کڑور افراد خوراک کی قلت کا شکار ہیں جس کی بڑی وجہ وسائل کی کمی ہے۔فوڈ اینڈ اگریکلچر آرگنائزیشن (FAO)کی رپورٹ کے مطابق 2050 تک 9 بلین آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زرعی پیداوار میں موجودہ پیداوار کا کم از کم 60 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔
